گذشتہ سال سنہ 2013 میں ’ریس -2‘، ’یہ جوانی ہے دیوانی‘، ’چنئی ایکسپریس‘ اور ’۔۔۔ رام لیلا‘ جیسی چار سپر ہٹ فلمیں دینے کے باوجود اداکارہ دیپکا پاڈوکون اپنے آپ کو نمبر ون اداکارہ نہیں مانتيں لیکن وہ خود کو سنگل ضرور مانتی ہیں۔
وہ کہتی ہیں: ’میں نہیں مانتی کہ میں نمبر ون ہوں لیکن جب لوگ ایسا کہتے ہیں تو خوشی ہوتی ہے۔ جہاں تک فلموں کی آمدنی کی بات ہے تو مجھے اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا۔ میں صرف اچھی فلمیں کرنا چاہتی ہوں۔‘
سنہ 2014 میں دیپکا پاڈوکون شاہ رخ خان کے ساتھ فلم ’ہیپی
نیو ایئر‘ میں نظر آئيں گی۔ اس کے ساتھ ہی وہ جنوبی بھارت کے معروف ترین اداکاروں میں ایک رجنی کانت کے ساتھ فلم ’كوچےڈيان‘ میں بھی نظر آئیں گی۔
حال ہی میں ایک انٹرویو میں دیپکا پڈوکون نے رنویر سنگھ کے ساتھ اپنے تعلقات کی قیاس آرائی کو مسترد کر دیا ہے۔ وہ اس سوال سے بچتی نظر آئیں اور انہوں نے کہا کہ ان باتوں میں کوئی حقیقت نہیں ہے۔
ایک فلم میگزین کے لانچ کے موقعے پر جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا یہ سمجھا جائے کی وہ سنگل ہیں تو انہوں نے کہا: ’ہاں ہاں، آپ اب تو خوش ہیں نا۔‘